حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، استادِ حوزہ علمیہ، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ماندگاری نے کہا ہے کہ رہبر شہید انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مجالسِ عزاداری کو محض جذبات کے اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک تربیتی مکتب سمجھتے تھے۔ ان مجالس کے ذریعے ولایت کی حقانیت بیان کرنا اور ساتھ ہی دوسرے مذاہب کے مقدسات کا احترام کرنا ممکن ہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے رہبر شہید انقلاب اسلامی کے ساتھ مجالسِ فاطمیہ میں شریک ہونے کو یاد کیا اور کہا کہ رہبر شہید ایک طرف مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے علمبردار تھے تو دوسری طرف حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور اہل بیت علیہم السلام کے مصائب پر عزاداری کرنے والے بھی تھے۔ ان کی نظر میں ان دونوں باتوں میں کوئی تضاد نہیں تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اتحاد کا مطلب اپنے مذہب کے عقائد سے دستبردار ہونا نہیں، بلکہ مشترکہ دشمنوں اور مشترکہ اقدار کو سامنے رکھتے ہوئے مسلمانوں اور دیگر توحیدی مذاہب کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ رہبر شہید کا نظریہ بھی یہی تھا اور وہ اس دور میں اتحادِ امت کے اہم علمبردار تھے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ماندگاری نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عزاداری دینی شعائر کے احترام، خدا کا قرب حاصل کرنے اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت کے اظہار کا ذریعہ ہے۔ اسی لیے رہبر شہید ان مجالس کو ایک تربیتی مکتب سمجھتے تھے۔ ان کے مطابق، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت انسان کو ولایت کی اہمیت سمجھاتی ہے اور بتاتی ہے کہ ولایت سے دوری انسان کو اندھیروں کی طرف لے جاتی ہے۔
انہوں نے رہبر شہید کی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے گہری عقیدت کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ کی شخصیت صرف خواتین ہی نہیں بلکہ مردوں اور تمام اہل ولایت کے لیے بھی بہترین نمونہ ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے لوگوں کو ولایت کے راستے پر قائم رکھنے کے لیے جدوجہد کی، تاکہ وہ حق کے راستے سے منحرف نہ ہوں۔
مجالسِ عزاداری میں رہبر شہید کے طرزِ عمل کے بارے میں انہوں نے تین اہم باتیں بیان کیں۔ پہلی یہ کہ وہ مجلس میں ایک خاص توجہ کے ساتھ شریک ہوتے تھے۔ منبر پر کوئی بھی عالم ہو، قرآن پڑھنے والا یا نوحہ خواں کوئی بھی ہو، وہ مجلس کے آغاز سے آخر تک پوری توجہ سے گفتگو سنتے تھے۔
دوسری بات یہ کہ وہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور اہل بیت علیہم السلام کے مصائب پر دل کھول کر گریہ کرتے تھے۔ تیسری بات یہ کہ انہیں لوگوں کی نگاہوں کی کوئی پروا نہیں ہوتی تھی، بلکہ ان کی تمام تر توجہ اپنی مادر گرامی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عزاداری پر ہوتی تھی۔










آپ کا تبصرہ